وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے معروف کاروباری گروپ، سجوانی گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں جانب سے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اب اقتصادی اور تجارتی شعبے میں مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی شراکت داری ترقی کی راہ ہموار کر رہی ہے۔ انہوں نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے قیام کو دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اہم قرار دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل جدت، بلاک چین اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں بزنس ٹو بزنس (B2B) تعاون کو ترجیح دیتی ہے اور یو اے ای کے سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے انتہائی مثبت ہے۔
سجوانی گروپ کے وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کے مواقع بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ وزیراعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کی حمایت اور نجی شعبے کے تعاون سے اقتصادی تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا اور وفد نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔