مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری‘جدید سپورٹس ہال، ہاکی اور کرکٹ سٹیڈیم، گھڑ سواری اور سوئمنگ پول کی سہولت ہوگی
منصوبے کے پہلے مرحلے میں لاہور کے وحدت روڈ پر طلبہ کیلئے الگ الگ مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ قائم کئے جائیں گے‘پانچ پانچ ہزار طلبہ داخلہ لے سکیں گے
تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں خراب یا غیر فعال فلٹریشن پلانٹس کی جلد بحالی کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے:وزیراعلی کی اجلاس میں ہدایات
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب نے مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ان مراکز میں جدید سپورٹس ہال، ہاکی اور کرکٹ سٹیڈیم، گھڑ سواری کی سہولت اور سوئمنگ پول سمیت دیگرسہولیات ہوں گی۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھر میں ایچی سن سکول کے معیار کے بوائز اور گرلز سکول قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں لاہور کے وحدت روڈ پر طلبہ کیلئے الگ الگ مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ قائم کئے جائیں گے، ان مراکز میں جدید سپورٹس ہال، ہاکی اور کرکٹ سٹیڈیم، گھڑ سواری کی سہولت اور سوئمنگ پول سمیت عالمی معیار کی تعلیمی اور کھیلوں کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ میں پانچ، پانچ ہزار طلبا اور طالبات داخلہ لے سکیں گے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں خراب پانی سے متاثرہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بوٹلنگ پلانٹس تیار اور فعال ہو چکے ہیں، جبکہ ضرورت مند علاقوں میں صاف پانی کی بوتلیں خصوصی ٹرکوں کے ذریعے پہنچائی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش یا خرابی سے متعلق شکایات فوری دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں خراب یا غیر فعال فلٹریشن پلانٹس کی جلد بحالی کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔