میرٹ پر انصاف فراہم کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیح: شعیب خرم جانباز

پروفیشنل ازم کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو:ڈی آئی جی
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب شعیب خرم جانباز کی زیر صدارت پنجاب بھر کے تمام ڈی ایس پیز انویسٹی گیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں زیرِ تفتیش مقدمات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں شریک ڈی ایس پیز کو ہدایت کی گئی کہ تمام کیسز کو جلد از جلد میرٹ پر یکسو کیا جائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنایا جائیڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے، شفافیت برقرار رکھنے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر سختی سے عمل درآمد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے تفتیشی افسران کو واضح ٹائم لائنز کے اندر نتائج جمع کروانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی تاخیر ناقابلِ قبول ہوگی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب شعیب خرم جانباز کا کہنا تھا کہ عوام کو بروقت اور میرٹ پر انصاف فراہم کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سنگین نوعیت کے مقدمات میں فوکسڈ تفتیش اور روزانہ بنیادوں پر رپورٹنگ یقینی بنانے کی سخت ہدایات بھی جاری کیں۔اجلاس کے اختتام پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے واضح کیا کہ تفتیشی نظام میں شفافیت، میرٹ اور پروفیشنل ازم کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔