بڑھتی آبادی چیلنج‘قومی پالیسی بنانا ہوگی شہبازشریف
صرف ایک ماہ میں برآمدات میں 9 فیصد اضافہ انتہائی تسلی بخش ہے، برآمدآت پر مبنی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں اور ترجیحات کی بدولت معاشی اشاریئے درست سمت میں گامزن ہیں
بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے مزید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، حکومت کی معاشی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، حکومت برآمدات میں اضافے ، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے:وزیراعظم
اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ملکی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، یہ ہمارے ملک کا انتہائی اہم اور قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں بڑھتی آبادی اور اس کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بڑھتی آبادی اور مسائل سے نمٹنے کیلیے صوبوں کے تعاون سے موثر حکمت عملی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کے بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے، تیزی سے بڑھتی آبادی کو ترقی اور معیشت کا فعال حصہ بنانے کیلئے منصوبہ بندی ضروری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ خواتین ہماری افرادی قوت کا بہت بڑا حصہ ہیں، خواتین کو ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں، قومی سطح کی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔شہباز شریف نے موثر پالیسی اور حکمت عملی بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جبکہ اجلاس میں وزیراعظم کو اس سے متعلق مختلف گزارشات پیش کی گئیں۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے مالی سال کے پہلے ہی مہینے میں پاکستان کی برآمدات 2.7 ارب امریکی ڈالرز تک پہنچنے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ جولائی 2024ء تا جولائی 2025ء برآمدات میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے، صرف ایک ماہ میں برآمدات میں 9 فیصد اضافہ انتہائی تسلی بخش ہے، برآمدات پر مبنی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں اور ترجیحات کی بدولت معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، حکومت ملک سے برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے، فیس لیس کسٹم اسیسیمینٹ سسٹم کے نفاذ سے پورٹ آپریشنز میں مزید بہتری لارہے ہیں، جی ڈی پی میں ٹیکس کلیکشن کے تناسب میں اضافہ حکومت کے لیے قابل اطمینان ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری پاکستان کی معیشت میں استحکام کی عکاس ہے، پچھلے مالی سال میں ترسیلات زر کی مد میں 34.9 ارب امریکی ڈالرز موصول ہوئے جو کہ مالی سال 2023-2024 کے مقابلے 28.8 فیصد زائد ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے مزید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، پاکستان اسٹاک ایکسچنج 100 انڈیکس نے 145000 کی حد عبور کرکے حالیہ دنوں میں تاریخی کارکردگی دکھائی ہے، حکومت کی معاشی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، حکومت ملک سے برآمدات میں اضافے ، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔