اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ انہیں مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت اور عالمی روزگار کی منڈی میں مؤثر انداز میں مقابلے کے قابل بنایا جا سکے۔ عالمی یومِ ہنرمندی برائے نوجوانان کے موقع پراپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کا ویژن ہے کہ ہر نوجوان اعلیٰ تعلیم کے ساتھ جدید ہنرمندی سے بھی آراستہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں آئی ٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، جسے جدید تربیت اور مواقع فراہم کر کے مزید نکھارا جا رہا ہے۔