پسماندہ اور محرومی کا شکار علاقوں کے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا سب سے بڑی خوشی ہے: مظفر گڑھ کے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو
امدادی کارکن جنگ زدہ علاقوں میں اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں: انسانی ہمدرد ی کے عالمی دن پر پیغام
لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مظفرگڑھ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اورجنوبی پنجاب میں ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی پراجیکٹس پر قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کوخراج تحسین پیش کیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے مظفر گڑھ میں الیکٹروبس اور صاف پانی پراجیکٹ شروع کرانے پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوئوں کی بجائے عوام کی حقیقی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنا اولین ترجیح ہے۔جنوبی پنجاب میں گزشتہ برس سیلاب آنے پر خود ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی۔انہوں نے کہا کہ ہر پسماندہ اور محرومی کا شکار علاقوں کے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا سب سے بڑی خوشی ہے‘دریںاثناء انسانی ہمدردی کے عالمی دن پر پیغام میں مریم نواز نے کہا انسانیت کی خدمت کا جذبہ رنگ، نسل، مذہب اور ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہے۔انسانیت تمام رشتوں سے بالاتر اور سرحدوں سے آزاد ایک عظیم رشتہ ہے۔امدادی کارکن جنگ زدہ علاقوں میں اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ امدادی کارکن صرف خوراک اور طبی سہولیات ہی نہیں پہنچاتے، بلکہ امید بھی بانٹتے ہیں۔انسانی امداد کا بنیادی مقصد کسی بھی تفریق کے بغیر ضرورت مند انسان تک بروقت مدد پہنچانا ہے