پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے:رمیش سنگھ اروڑہ

 زیارت مقدسہ کی تقریبات کے دوران بہترین اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے 
شیخوپورہ (آئی این پی )صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے مریم آباد، شیخوپورہ کا دورہ کیا اور زیارت مقدسہ کی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول، ایمانئیول اطہر، پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سونیا آشر، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور فرید احمد تارڑ سمیت دیگر رہنما موجود تھے ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او بلال ظفر شیخ نے صوبائی وزیر کو انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے گرجا گھر میں سیکورٹی، صفائی ستھرائی، لائٹنگ اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا، جبکہ مریم آباد میں قائم عارضی اسپتال میں دستیاب طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ زیارت مقدسہ کی تقریبات کے دوران بہترین اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کو اپنی عبادات اور تہوار منانے کے لیے پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ امن و رواداری کا پرچار کیا گیا ہے اور معاشرتی ترقی میں اقلیتوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اپنے اردگرد کے ماحول کو پرامن بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک میں رواداری اور بھائی چارے کی فضا مزید پروان چڑھ سکے۔