جماعت اسلامی ستمبر میں حکومت مخالف تحریک شروع کرے گی، ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

جماعت اسلامی ستمبر میں حکومت مخالف تحریک شروع کرے گی، ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی نے ستمبر سے حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا اور بعد ازاں تحریک کو پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی نے اس تحریک کی تیاری کے لیے عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل تیز کر دیا ہے۔ یہ کمیٹیاں اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو متحرک کریں گی اور احتجاج کی منظم منصوبہ بندی کریں گی۔ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت نے آئندہ ماہ کے دوران تمام عوامی کمیٹیوں کو مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔تحریک میں ابتدائی طور پر پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، تاہم ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں دھرنے کے آپشن پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے متعلقہ تنظیمی ڈھانچے کو ہدایت دی ہے کہ عوامی رابطہ مہم تیز کی جائے تاکہ مہنگائی، بےروزگاری اور گورننس کے مسائل پر حکومت کو عوامی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی کمیٹیاں مکمل ہوتے ہی جماعت اسلامی حکومت مخالف تحریک کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔