لاہور : جرائم پیشہ افراد کا گھیرا تنگ،3گینگز گرفتار

شاہدرہ، لٹن روڈ اور باٹا پور میں کارروائیاں ،اسلحہ، موٹر سائیکلیں و نقدی برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس اور ڈولفن سکواڈ کی سٹریٹ کرائم کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں تین متحرک جرائم پیشہ گینگز کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا سامان، نقدی، موبائل فونز، موٹر سائیکلیں اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ڈولفن سکواڈ نے شاہدرہ میں کارروائی کرتے ہوئے موبائل اور کیش چھیننے والے سنیچر امان اللہ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق شہری سے واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو امامیہ کالونی کے قریب سے تعاقب کر کے پکڑا گیا۔ لٹن روڈ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان عتیق الرحمن اور آزاد، میانی قبرستان سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان رش والے علاقوں، مارکیٹوں اور گلی محلوں میں کھڑی بغیر لاک موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔ ان سے 2 موٹر سائیکلیں اور 2 ناجائز پسٹل برآمد کیے گئے ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا کی ہدایت پر ایس ایچ او آصف منصب نے باٹا پور میں نقب زن گینگ کے خلاف کارروائی کی اور احسن نقب زن گینگ کے دو کارندوں، احسن اور عاطف کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی، چوری اور سنیچنگ کے 55 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے۔