ڈولفن سکواڈ ان ایکشن ،6 ڈاکو دھر لئے

لاہور (کرائم رپورٹر) ڈکیتی، چوری، منشیات، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ سمیت دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف ڈولفن سکواڈ کا شہر بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کے مطابق ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے موٹر سائیکل اور موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔ترجمان کے مطابق ہیلپ لائن پر موصول 72 کالز پر فوری رسپانس دیا گیا، جب کہ دورانِ پٹرولنگ 16 اشتہاریوں سمیت 104 عادی جرائم پیشہ افراد اور 15 عدالتی مفروروں کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے 6 پستول، 5 رائفلیں، درجنوں گولیاں اور میگزینز برآمد کر لیے گئے۔منشیات فروشوں کے قبضے سے 25 بوتلیں شراب، 10 گرام آئس اور چرس بھی برآمد کی گئی۔ 82 مشکوک گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند کی گئیں، جب کہ 172 افراد کے خلاف مختلف قانونی دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔علاوہ ازیں، 2 افراد ون ویلنگ اور 4 افراد پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ میں ملوث پائے گئے، جنہیں موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ کمیونٹی پالیسنگ کے تحت 157 سے زائد افراد کو مختلف معاملات میں ریسکیو کیا گیا۔ ایس پی ارسلان زاہد نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ چوکس اور پرعزم ہیں۔