مجاہد سکواڈ ان ایکشن،8 اشتہاری دھر لئے

مختلف ناکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کے دوران گرفتاریاں ہوئیں 
 لاہور (کرائم رپورٹر) موبائلز اسکواڈ کے ناکہ جات پر جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی جاری ہے۔ مجاہد اسکواڈ نے ناکہ شیراکوٹ، گلویڑہ، محمود بوٹی اور دیگر مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث آٹھ اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان کو پبلک ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کے دوران حراست میں لیا گیا، جن کا تعلق مختلف اضلاع سے ہے اور وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور میں روپوش تھے۔ گرفتار ملزمان پتوکی، سکھر، رحیم یار خان، پھول نگر، حافظ آباد، شیرگڑھ، صدر مریدکے اور لاہور کے مختلف تھانوں کو مطلوب تھے۔ ملزمان لطیف، ناصر، خالد، ضیغم، شہباز سمیت دیگر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی موبائلز بلال احمد کے مطابق ناکہ جات پر ای پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جا رہی ہے۔