ڈولفن سکواڈ ان ایکشن،173 اشتہاری دھر لئے

 جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز 375 عادی ملزمان گرفتار، منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور چوری شدہ گاڑیاں بر آمد
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کی سربراہی میں ڈولفن فورس اور پی آر یو نے ماہ ستمبر کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق فورس نے ایمرجنسی 15 کی 312 کالز پر بروقت ریسپانس فراہم کیا اور شہریوں کو فوری ریسکیو خدمات دی۔ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر 15 کی کالز پر ریسپانس ٹائم مانیٹر کیا گیا، جس میں ڈولفن فورس کا اوسط ریسپانس ٹائم 5 سے 7 منٹ ریکارڈ کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن کے مطابق ستمبر میں 173 اشتہاریوں سمیت 375 عادی ملزمان، 180 عدالتی مفروران اور 657 ریکارڈ یافتہ مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ دورانِ پٹرولنگ سنگین جرائم میں ملوث 8 خطرناک ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ 42 ڈکیت گینگز کو بے نقاب کیا گیا۔ناجائز اسلح کے خلاف کارروائیوں میں 37 پسٹلز، 16 رائفلز اور 2 خنجر بر آمد کیے گئے۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 98 بوتلیں شراب، 1145 گرام چرس، 3156 گرام آئس اور 12,000 گرام ہیروئن بر آمد ہوئی۔ پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈا ئون میں 42 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے۔ایمرجنسی کالز پر کارروائی کے دوران 58 نوسر بازوں اور چوروں سے 10 موبائل فونز اور نقدی بر آمد کی گئی۔ سٹاپ اینڈ سرچ آپریشن میں 13,74,647 وہیکلز، 13,51,482 موٹر سائیکلز اور ہزاروں افراد کو چیک کیا گیا۔ ڈولفن سکواڈ نے کارروائیوں کے دوران 11 چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلز بر آمد کیے جبکہ 27 فیک نمبر پلیٹ وہیکلز کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈا ئون میں 431 ون ویلرز گرفتار کیے گئے۔ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت 197 سے زائد شہریوں کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔