منشیات، ہوائی فائرنگ، ناجائز اسلحہ اور اشتہاری ملزمان جال میں آ گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ماڈل ٹاؤن ڈویڑن پولیس نے مجرموں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کر لیا! صرف 48 گھنٹوں میں خفیہ اطلاعات، 15 کی فوری کالز اور مؤثر گشت کے دوران 19 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پکڑے گئے ملزمان میں خطرناک منشیات فروش، اشتہاری، ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ اور ہوائی فائرنگ کرنے والے شامل ہیں۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار اشتہاری ملزمان اقدام قتل، بوگس چیک اور دیگر سنگین مقدمات میں عرصہ دراز سے روپوش تھے، جبکہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کے خلاف چوری اور ڈکیتی جیسے مقدمات درج ہیں۔ منشیات فروشوں کے قبضے سے 2 کلو سے زائد چرس اور 250 گرام آئس برآمد ہوئی۔ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو شہریوں کی 15 کالز پر فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر گرفتار کیا گیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق، تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن ڈویڑن میں جرائم کی روک تھام کے لیے کڑی نگرانی اور مسلسل آپریشن جاری رہیں گے۔