وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی و معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی و معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سمسودین نے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاع، تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے انڈونیشی صدر پرابوو سوبیانٹو کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انڈونیشیا کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی گہرے دوستانہ روابط موجود ہیں اور دونوں ممالک عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی مستقل حمایت کرتے ہیں۔وزیراعظم نے انڈونیشیا کے ساتھ تجارتی، دفاعی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے سرمایہ کاری اور باہمی فائدہ مند منصوبوں میں تعاون کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو کثیرالجہتی بنیادوں پر وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون کے جاری معاہدوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے دفاعی معاہدوں کے نفاذ کو تیز کرنے اور دفاعی پیداوار سمیت دیگر شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے انڈونیشی صدر کی طرف سے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔