وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کاروباری وفد کی ملاقات، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کاروباری وفد کی ملاقات، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چین کی معروف کمپنی فیمسن (FAMSUN) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک چین (Jack Chen) کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں زراعت، غذائی تحفظ، جدید اسٹوریج نظام اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے چینی وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین مثالی اور آزمودہ دوست ہیں، جن کے درمیان معاشی شراکت داری اور باہمی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس (B2B) تعاون دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم کرے گا۔شہباز شریف نے پاکستان میں اجناس کے ذخیرہ مراکز (Storage Centers) کو اسٹیٹ آف دی آرٹ گرین سائلوز میں تبدیل کرنے کے فیمسن کے منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف ہوگی، غذائی تحفظ میں بہتری آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان منصوبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی تربیت، ہنرمندی اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کو ترجیح دی جائے تاکہ مقامی افراد بھی جدید زرعی مہارتوں سے مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر فیمسن کے چیف ایگزیکٹو جیک چین نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دورۂ چین کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات کے بعد ہی انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے تاکہ غذائی تحفظ کے حوالے سے قابلِ عمل منصوبوں پر پیش رفت کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ فیمسن پاکستان میں جدید اسٹوریج مراکز، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی افرادی قوت کی تربیت میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہے۔ملاقات کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیمسن پاکستان میں گرین سائلوز کے قیام کے لیے ایک ڈیمانسٹریشن سینٹر بھی قائم کرے گی، جبکہ موجودہ اسٹوریج مراکز کو جدید گرین سائلوز میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے فیمسن اور گرین پاکستان انیشی ایٹو کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر پہلے ہی دستخط کیے جا چکے ہیں۔ملاقات میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔واضح رہے کہ فیمسن (FAMSUN) چین کی زرعی مشینری، جانوروں کی خوراک اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں کام کرنے والی نمایاں کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کی پاکستان میں ممکنہ سرمایہ کاری کو زرعی شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔