وزیراعظم شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے 9 رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون، معاشی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ٹیم ورک کے ذریعے مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پایا، جبکہ حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں صرف تین برس میں سرکاری محصولات دگنے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔وزیراعظم نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جائیکا کے تعاون سے مختلف شعبوں میں مزید پیش رفت کی امید ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ہنر اور تکنیکی تربیت کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانے اور معدنیات کے شعبے کی ترقی کو حکومتی ترجیحات قرار دیا۔جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق شراکت داری کو مضبوط بنائے گا۔