وزیراعظم شہباز شریف اور بیلا روس کے صدر کی ملاقات، متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور بیلا روس کے صدر کی ملاقات، متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ویب ڈیسک: بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان بیلا روس کے ایوان آزادی میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان سے 150,000 سے زائد تربیت یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجنے پر تبادلہ خیال کیا اور اس حوالے سے جلد ایک لائحہ عمل ترتیب دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ زرعی شعبے اور زرعی مشینری کی تیاری میں مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران الیکٹرک گاڑیوں اور بسوں کی تیاری، غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون اور بزنس ٹو بزنس تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امور سمیت متعدد موضوعات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان حالیہ برسوں میں مختلف شعبوں میں تعاون میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، خاص طور پر اسلام آباد میں گزشتہ سال ہونے والے پاک-بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس اور اس سال پاکستان سے بیلا روس کے بین الوزارتی وفد کے دورے کے بعد۔وزیراعظم نے بیلا روس میں شاندار مہمان نوازی اور پر تپاک استقبال پر بیلا روس کے صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی فائدہ مند تعاون کو بڑھانے کا عہد کیا۔