شہباز شریف سے چینی وزیر کی ملاقات، کان کنی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

شہباز شریف سے چینی وزیر کی ملاقات، کان کنی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے وزیر برائے صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی لی لیچینگ نے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

 ملاقات میں صنعت، زراعت، تجارت، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا وژن چین کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنا ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کا مرکزی ستون قرار دیا۔ انہوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

چینی وزیر لی لیچینگ نے وزیراعظم کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان کو ایک آہنی بھائی اور آل ویدر اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنر سمجھتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو تعاون اور اشتراک کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔یہ ملاقات پاکستان اور چین کے قریبی تعلقات اور اقتصادی، صنعتی و تکنیکی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، جبکہ سی پیک کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر بھی زور دیا گیا ہے۔