اسلام آباد: ترک وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور مستقبل میں اشتراک کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔ ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دفاعی اشتراک کی بنیاد پر قائم ہیں، اور دونوں ممالک جدید تربیت و ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ترک وزیر دفاع نے اس موقع پر پاکستان کی فضائی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خاص طور پر پاک-بھارت جنگ کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی صنعت کے شعبے میں اشتراک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ دفاعی شعبے میں مضبوط شراکت داری خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے، اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں اور دفاعی مشقوں کے امکانات کو بھی زیر غور لایا گیا۔