نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ، وسطی و جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
لاہور
شہر لاہور میں اس وقت مطلع صاف ہے تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر 3 بجے کے بعد موسم میں تبدیلی آسکتی ہے اور ہلکی بارش متوقع ہے۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 91 فیصد تک جا سکتا ہے۔
کراچی
شہر قائد میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ کورنگی، مہران ٹاؤن، قیوم آباد، ڈیفنس، بلوچ کالونی، محمود آباد، جناح ٹرمینل، یونیورسٹی روڈ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی، بہادر آباد، طارق آباد، سرجانی اور نارتھ کراچی میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں درمیانی سے موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
بارش کے باعث شہر کے بعض نجی اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جو زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری تک جا سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ جنوب مغرب سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دیگر علاقے
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی۔این ڈی ایم اے کے مطابق:پنجاب کے اضلاع گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، راجن پور، ملتان، مظفرگڑھ اور ڈی جی خان میں بارش کا امکان ہے۔سندھ کے اضلاع ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، حیدرآباد، کراچی، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور دادو متاثر ہو سکتے ہیں۔بلوچستان کے علاقوں ژوب، لورالائی، سبی، خضدار، بارکھان اور لسبیلہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کی وارننگ
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ عوام اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کریں۔