این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید سردی اور برفباری کا الرٹ جاری کیا ہے۔
جنوری کے آخر تک رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم کی توقع ہے، بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری کا امکان ہے۔برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے اور پھسلن کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، عوام سے احتیاط کی اپیل کی گئی ہے۔پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز، اور گاڑی کے ٹائروں پر حفاظتی زنجیر کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔میدانی علاقوں میں سرد و خشک موسم اور بعض مقامات پر کورا/پالا پڑنے کا امکان ہے، فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
شہر کراچی اور سندھ کے مختلف اضلاع میں 22 اور 23 جنوری کو مغربی ہواؤں کے اثر سے گرچ چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔شدید سرد موسم بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی صحت کو متاثر کر سکتا ہے، گرم کپڑوں اور ہیٹر کے محفوظ استعمال کی ہدایت دی گئی ہے۔صوبائی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو پہاڑی علاقوں میں برفباری سے نمٹنے کے لیے مشینری اور ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔سیاحتی مقامات پر آمد و رفت اور رہائش کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی شامل ہے۔