ملک بھر میں خشک سردی برقرار، بارش و برفباری سے سردی میں کمی کی پیشگوئی

ملک بھر میں خشک سردی برقرار، بارش و برفباری سے سردی میں کمی کی پیشگوئی

ملک بھر میں خشک سردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے دوران مختلف شہروں میں موسمی تبدیلیوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ کے مطابق بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، جبکہ کئی علاقوں میں دھند اور سرد ہوائیں موسم کو بدستور سرد رکھیں گی۔لاہور میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے جہاں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج بارش کی پیشگوئی کی ہے اور 23 جنوری تک تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے امکانات بھی ظاہر کیے ہیں۔ شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے اور مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 1100 سے تجاوز کر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق متوقع بارش سے خشک سردی میں کمی اور فضائی آلودگی میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

کراچی میں بھی موسم سرد اور خشک رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اور 23 جنوری کو کراچی میں بارش کا امکان ہے، جس کے بعد سردی میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔ تاہم شہر میں فضائی معیار بدستور خراب ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہر کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 180 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں بھی خشک سردی کا راج ہے جہاں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے اوقات میں پارہ 8 ڈگری کے قریب رہا۔ محکمہ موسمیات نے 22 اور 23 جنوری کو اسلام آباد میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے سردی کی شدت میں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، سوات، دیر، کوہستان، ایبٹ آباد اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، خانیوال، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور اور بہاولپور میں رات اور صبح کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا خدشہ ہے۔

اسی طرح سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیر آباد، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام، موہنجوداڑو اور جیکب آباد میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھند اور آلودگی کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر مناسب حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔