بھارتی اداکارہ کرشمہ کپور کے بچوں سمائرا اور کیان کپور نے اپنے والد سنجے کپور کی تیسری اہلیہ پریا کپور پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے عدالت سے فوجداری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بچوں نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس کے بعد یہ معاملہ دیوانی مقدمے سے فوجداری کیس میں تبدیل ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔سمائرا اور کیان کا دعویٰ ہے کہ پریا کپور نے ایک جعلی وصیت تیار کی جس میں انہیں وراثت سے محروم رکھا گیا۔ اگر الزامات ثابت ہو گئے تو پریا کپور کو عمر قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔بچوں کے مؤقف کے مطابق وصیت پر دستخط کے دن نہ تو سنجے کپور اور نہ ہی پریا کپور گروگرام میں موجود تھے بلکہ دہلی میں تھے، جبکہ پریا کا دعویٰ ہے کہ وصیت 10 فروری 2025 کو تیار ہوئی، 17 مارچ کو ترمیم کی گئی اور 21 مارچ کو گروگرام کے دفتر میں دستخط ہوئے۔ بچوں نے اس ترمیم کی تاریخ مشکوک قرار دی ہے۔
مزید برآں، بچوں نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ پریا کپور، سنجے کپور اور گواہوں کے موبائل فون ضبط کر کے ڈیجیٹل شواہد کی جانچ کی جائے۔ ان کے مطابق وصیت میں گرامر اور املا کی غلطیاں بھی موجود ہیں، جو سنجے کپور جیسی تعلیم یافتہ شخصیت کے لیے ممکن نہیں۔یہ کیس زیرِ سماعت ہے اور آئندہ عدالتی کارروائی 20 جنوری کو جوڈیشل مجسٹریٹ گگن دیپ سنگھ کے سامنے ہوگی۔