لاہور(نیٹ نیوز )پولینڈ کے ایک چڑیا گھر میں ایک نہایت ہی چھوٹی جسامت کے ہرن کی دیوہیکل گینڈے کا سامنا کرنے کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔ویڈیو میں ایک چھوٹا سا چینی نسل کا منٹجیک ہرن ایک بہت بڑے گینڈے سے مقابلہ کرتا نظر آرہا ہے۔ خوش قسمتی سے صابر مزاج گینڈا اسے کوئی نقصان نہیں پہنچاتا۔یہ ویڈیو پولینڈ کے وروکلا زو نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی ہے۔ ویڈیو میں نظر آنیوالے اس چھوٹے چینی ہرن کا نام منڈزاک ہے۔ جو اسی انکلوڑر میں موجود گینڈے ماروسکا کے ساتھ ہے اور اس نہایت بہادری سے مقابلہ کرتا اور اسے پسپا کرتا نظر آتا ہے۔اس پرمزاح اور دلچسپ پوسٹ کو دیکھنے والے نیٹ صارفین نے کمنٹس کیے اور کہا، لگتا ہے کوئی آج صبح آئینہ دیکھنا بھول گیا تھا، گینڈے کی فرشتہ صفت برداشت کو سلام ہے۔ چڑیا گھر کے نگہبانوں نے وضاحت کی کہ منٹجیک ہرن کا جارحانہ رویہ ٹیسٹوسٹیرون کی زیادتی کا نتیجہ ہے۔