55 کلوگرام منشیات برآمد،دو ملزمان گرفتار،مقدمات

 مالیت 6 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے:ترجمان اے این ایف 
لاہور (کرائم رپورٹر)بلوچستان میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ مجموعی طور پر 55 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی، جس کی مالیت 6 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ  پہلی کارروائی کچلاک بائی پاس، ضلع کوئٹہ کے قریب کی گئی، جہاں موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو روک کر تلاشی لی گئی۔ ملزمان کے قبضے سے 5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جس پر دونوں کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔دوسری کارروائی درہ گوٹھ، ضلع لسبیلہ کے قریب کی گئی، جہاں خفیہ اطلاع پر جھاڑیوں میں چھپائی گئی 50 کلوگرام کرسٹل ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ منشیات اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں میں برآمد ہونے والی منشیات کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔