وزیرِ اعظم کا ورلڈ بینک کے 20 ارب ڈالرز کے وعدے کا خیرمقدم

وزیرِ اعظم کا ورلڈ بینک کے 20 ارب ڈالرز کے وعدے کا خیرمقدم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت 20 ارب ڈالرز کے وعدے کا خیرمقدم کیا ہے۔

 اس معاہدے میں 6 اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جن میں بچوں کی غذائیت، معیاری تعلیم، صاف توانائی، ماحولیاتی استحکام، جامع ترقی اور نجی سرمایہ کاری شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم نے اس پیش رفت کو پاکستان کی معاشی استحکام اور ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ یہ سی پی ایف ورلڈ بینک کے پاکستان کی صلاحیت اور ترقی پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے تاکہ ملک میں بہتر معاشی ترقی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس معاہدے کا مقصد لوگوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے اور اس کے ذریعے مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے آرمی چیف اور اپنے دیگر ساتھیوں کی کاوشوں کو دل سے سراہا اور کہا کہ اس معاہدے کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے اور پاکستان کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔