برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے لبنان اور شمالی اسرائیل کی شہری آبادیوں کے لیے سکون کا باعث قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے نتیجے میں دونوں ممالک کی کمیونٹیز کو تعمیر نو کے مواقع ملیں گے اور شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکیں گے۔کیئر اسٹارمر نے اس جنگ کو ایک ناقابل تصور نقصان دہ صورتحال قرار دیتے ہوئے کہا کہ لبنان میں اس معاہدے کو دیرپا سیاسی حل میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی ضرورت پر زور دیا۔اس سے قبل، امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کیا تھا، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دشمنی کے مستقل خاتمے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔