کراچی سے فتنہ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو رینجرز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر گرفتار کیا ہے۔
یہ کارروائی منگھوپیر روڈ کنواری کالونی میں انجام دی گئی۔ گرفتار ملزمان خوارجی امیر شمس القیوم عرف زاویل عرف زعفران کے قریبی ساتھی ہیں۔ دورانِ تفتیش، ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ علاقے کے لوگوں کے فون نمبرز شمس القیوم کو فراہم کرتے تھے، جن کے ذریعے وہ بھتہ وصولی کے لیے کال کرتا تھا۔ترجمان رینجرز کے مطابق، ملزمان نے بھتہ وصولی اور لینڈ گریبنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ان میں سے ایک ملزم، نور زادہ کا بھائی خان زادہ عرف حنظلہ، اور حضرت عثمان کا بھائی عمر خطاب بھی فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب کارندے تھے جو بعد میں مارے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، زید اللہ عرف زیدو بھی مطلوب تھا، جس کے خلاف ایکسائز کورنگی اور اے این ایف میں بھی مقدمات درج ہیں۔ رینجرز نے تمام ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔