فضائیہ نے جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا، اس حملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی،چیف آف ڈیفنس
ابوجا(آئی این پی)نائیجیریا کی فضائیہ نے کہا ہے کہ شمال مغربی ریاست میں مسلح گروہوں کو نشانہ بنانے کے دوران فضائی حملے میں غلطی سے 16 شہری ہلاک ہوگئے، اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائیجیریا کی فوج اور فضائیہ نے شمال مغربی اور وسطی علاقے میں مسلح جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرے کے خلاف فضائی حملوں میں اضافہ کیا ہے، یہ ڈاکو دیہی بستیوں کے مکینوں کو قتل کرتے اور بڑے پیمانے پر اغواء کرتے ہیں۔نائیجیریا کی فضائیہ کے ترجمان ایئر وائس مارشل اولسولا اکنبویوا نے ایک بیان میں کہا کہ ریاست زمفارا میں ہفتے کی رات ایک فضائی حملے میں ڈاکوئوں کو نشانہ بنایا گیا، فضائیہ مغوی متاثرین کو بازیاب کرانے میں کامیاب رہی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ایک سکیورٹی گارڈز سمیت کم از کم 16شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔اکنبویوا نے ایک بیان میں کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم جرائم پیشہ عسکریت پسندوں پر حملوں کے دوران شہری ہلاکتوں اور ان کے گھروں کو نقصان سے بچانے پر کام کر رہے ہیں۔نائیجیریا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاگ جنرل کرسٹوفر موسی نے کہا کہ فضائیہ نے جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا، اس حملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی۔