کراچی میں دوست کے ہاتھوں قتل ہونے والے مصطفیٰ عامر کی والدہ نے اپنے بیٹے کی قبر کشائی کی اجازت کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔
یہ درخواست انسداد دہشتگردی عدالت کراچی میں مصطفیٰ کے اغوا اور قتل کے کیس کی سماعت کے دوران دائر کی گئی۔مقتول مصطفیٰ کی والدہ نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے بیٹے کی قبر کشائی کی جائے تاکہ قتل کی مزید تحقیقات کی جا سکیں۔ عدالت نے درخواست گزار کو اس حوالے سے متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ قبر کشائی کی اجازت دینے کا اختیار جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس ہے۔اسی دوران پولیس نے بھی مصطفیٰ کی قبر کشائی کے لیے اپنی درخواست دائر کی ہے۔
اس کے علاوہ، مصطفیٰ کے قتل میں ملوث ایک اور ملزم شیراز بخاری کو 21 فروری تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔قتل کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی نے پیشی کے دوران پراسیکیوشن ٹیم کو دھمکیاں دیں، ساتھ ہی کانسٹیبل رضوان کے ساتھ بدتمیزی اور دھکے بھی دیے۔ پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیا اور کارروائی شروع کر دی ہے۔