میر رضا کیس: قبر کشائی آج ہوگی، والد اور وکیل سمیت پولیس قبرستان پہنچ گئی

میر رضا کیس: قبر کشائی آج ہوگی، والد اور وکیل سمیت پولیس قبرستان پہنچ گئی

کراچی کے نوجوان میر رضا کی قبر کشائی کا عمل کچھ دیر بعد شروع کیا جائے گا۔ طارق روڈ پر واقع سوسائٹی قبرستان میں میڈیکل بورڈ کے تمام ارکان پہنچ گئے ہیں، جبکہ میر رضا کے اہلخانہ اور ان کے وکیل جبران ناصر بھی قبرستان میں موجود ہیں۔

قبرستان میں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے، جبکہ قبر کشائی کے لیے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ میر رضا علی کی قبر کشائی گزشتہ روز ہونا تھی، تاہم اسے مؤخر کردیا گیا تھا۔ میڈیکل بورڈ کے ارکان تبدیل کیے جانے پر میر رضا کے والد میر حسین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ جب تک سابق میڈیکل بورڈ بحال نہیں کیا جاتا، وہ قبر کشائی کی اجازت نہیں دیں گے۔

کیس کا پس منظر
کراچی کا نوجوان میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا۔ وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا، جس کے دو روز بعد اس کی لاش گلستانِ جوہر سے برآمد ہوئی۔پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش انتہائی خراب حالت میں ملی تھی اور اس کے سینے میں گولی لگی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق لاش ملنے سے ایک روز قبل میر رضا کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کردیئے گئے تھے۔مقتول کے والد کے مطابق میر رضا کا 30 اگست کو گلشنِ اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح ہونا تھا اور وہ اپنی نئی زندگی کے آغاز کے حوالے سے بہت خوش تھا۔