ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بھارتی حمایت یافتہ 19 خوارج کو ہلاک کردیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیب راحت سمیت 11 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 7 اور 8 اکتوبر 2025 کی شب، فورسز نے ضلع اورکزئی میں ایک انسدادِ دہشتگردی آپریشن کیا، جہاں بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے کی اطلاع ملی تھی۔سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 19 دہشتگرد واصلِ جہنم ہوئے۔ تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (39 سال، راولپنڈی) اور میجر طیب راحت (33 سال، راولپنڈی) نے جرأت و بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہداء میں مزید 9 جانباز سپاہی شامل ہیں:
نائب صوبیدار اعظم گل (خیبر)
نائیک عادل حسین (کرم)
نائیک گل امیر (ٹانک)
لانس نائیک شیر خان (مردان)
لانس نائیک طالش فراز (مانسہرہ)
لانس نائیک ارشاد حسین (کرم)
سپاہی طفیل خان (ملاکنڈ)
سپاہی عاقب علی (صوابی)
سپاہی محمد زاہد (ٹانک)
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشتگرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ:“پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔”
وزیراعظم و وزیر داخلہ کے بیانات
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع اورکزئی میں 19 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیب راحت سمیت تمام شہداء کے لیے دعاِ مغفرت کی۔انہوں نے کہا:“سیکیورٹی فورسز کے نڈر سپوتوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔ حکومت ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔”وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی آپریشن میں فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ:“لیفٹیننٹ کرنل جنید، میجر طیب اور 9 جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔ شہداء کے خون کا ہر قطرہ دہشتگردی کے خلاف ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔”انہوں نے زخمی ہونے والے 2 جوانوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔