راولپنڈی: بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے رمضان المبارک کے بعد بھرپور تحریک چلانے کی ہدایت دی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں، ان کے خلاف 9 مئی کے کسی کیس میں کارروائی نہیں ہوئی، جبکہ آج بھی سرکاری گواہان کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اوپن ٹرائل کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی آئین اور قانون کے مطابق انصاف کا مطالبہ کر رہی ہے اور قانونی جنگ جاری رکھے گی۔فیصل چوہدری نے یہ بھی بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے ثناء اللّٰہ مستی خیل کو پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں شامل کر لیا ہے، جبکہ اسد قیصر اور عمر ایوب کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں تاکہ آئندہ کی حکمتِ عملی طے کی جا سکے۔