اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات نہ ہو سکی۔
عمران خان جیل انتظامیہ سے بار بار کمیٹی کی آمد کے بارے میں استفسار کرتے رہے۔پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وضاحت دی کہ عمران خان کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کی درخواست پر حکام کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود ملاقات ممکن نہ ہو سکی، جس سے حکومتی رویے کی غیرسنجیدگی ظاہر ہوتی ہے۔فیصل چوہدری نے الزام لگایا کہ حکومت میں شامل کچھ عناصر مذاکرات کو ناکام بنا کر جمہوریت اور قانون کی بحالی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور کزن قاسم زمان نے ملاقات کی، تاہم مذاکراتی کمیٹی کا کوئی رکن نہیں پہنچا۔ وکلا بھی کمیٹی کی ملاقات کی توقع کے باعث جیل نہیں آئے۔گزشتہ روز پی ٹی آئی وکلا نے ملاقات کی درخواست دی تھی، تاہم جیل انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق کمیٹی کی آمد پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔