میانمار میں پاکستانیوں سمیت 260غیرملکی بازیا ب کرالیے گئے: تھائی فوج

منظم گروہ دیگرملکوںکے شہریوںکو آن لائن فراڈسے ملازمت کے بہانے بلاکر تاوان وصول کرتے تھے
بنکاک (آئی این پی )تھائی لینڈ کی فوج نے کہا ہے کہ وہ پڑوسی ملک میانمار میں آن لائن فراڈ سے ملازمت کے بہانے بلائے گئے 260غیرملکیوں کو ریسکیو کرنے کے بعد واپس لا رہی ہے جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔غیرملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق جنوبی ایشیا کے ملکوں میں آن لائن فراڈ کے سینٹرز کے خلاف تازہ کارروائی شروع کی گئی ہے اور تھائی لینڈ کی فوج کا کہنا ہے کہ لگ بھگ 260غیرملکیوں کو میانمار سے واپس لایا جا رہا ہے جن کو ملازمت کے جھانسے میں وہاں لے جایا گیا تھا۔ میانمار، کمبوڈیا اور لاس کی سرحدیں تھائی لینڈ سے ملتی ہیں جہاں ایسے منظم گروہ کام کر رہے ہیں جو دیگر ملکوں کے شہریوں کو ملازمت کے بہانے بلا کر تاوان وصول کر تے ہیں۔اس وقت درجنوں پاکستانی میانمار، کمبوڈیا اور دیگر ممالک میں غیرقانونی گروہوں کے شکنجے میں ہیں، جو پاکستان سے ان ممالک میں ملازمت کی تلاش کے لیے گئے تھے۔