خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 3 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ وژن کے تحت فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جبکہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گرد عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھنے کا امکان ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں ان کے نیٹ ورک کو کمزور کرنے میں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ’عزمِ استحکام‘ وژن کے تحت سکیورٹی آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔