بینظیر بھٹو جنرل اسپتال، مری روڈ میں آرتھوپیڈک وارڈ میں تعینات ڈاکٹر شایان کے مبینہ غیر پیشہ ورانہ رویے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
ڈاکٹر شایان نے مریض کا معائنہ سرکاری دفتر کو نجی کمرہ بنا کر کیا۔گزشتہ شب ڈاکٹر نے کرسی پر بیٹھ کر میز پر پاؤں رکھ کر مریض کا معائنہ کیا، جو سوشل میڈیا پر تصویر بن گئی۔واقعے کے بعد عوامی حلقوں نے ڈاکٹر کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور اسے غیر پیشہ ورانہ اور غیر اخلاقی قرار دیا۔تصویر کے وائرل ہونے کے بعد اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر شرجیل سرفراز شیخ نے سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کا ضابطے اور پروفیشنل کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق تحقیقات کی جائے گی اور ذمہ دار افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ واقعہ صحت کے شعبے میں پروفیشنلزم اور مریض کے حقوق پر سوالات اٹھا رہا ہے اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے رویوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔