سابق وزیرِ اعظم شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کل (27 دسمبر) کو منائی جائے گی، جس کے مرکزی پروگرام گڑھی خدا بخش بھٹو میں ان کے مزار پر ہوں گے۔
ملک بھر سے قافلے برسی کی تقریبات میں شریک ہوں گے، اور شہر کے اہم چوراہوں پر استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے ہیں تاکہ شرکاء کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ترجمان سندھ حکومت اور سکھر کے میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی قیادت میں پیدل قافلہ سکھر سے گڑھی خدا بخش بھٹو کے مزار کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔ ارسلان اسلام شیخ نے بتایا کہ یہ پیدل قافلہ عوامی سیاست اور شہداء کے مشن سے وابستگی کی علامت ہے۔ قافلے کے شرکاء کے لیے فرسٹ ایڈ، پانی، کھانے اور موبائل چارجنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
قافلہ آج مدیجی پہنچے گا، جہاں رات قیام کے بعد گڑھی خدا بخش کے لیے روانگی ہوگی۔ مزار پہنچنے پر شرکاء کے لیے دوپہر کے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ارسلان اسلام شیخ نے میڈیا کے مثبت کردار پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پیدل قافلہ جمہوری جدوجہد اور عوام سے وابستگی کا عملی اظہار ہے۔یہ پروگرام پیپلز پارٹی کی عوامی سیاست اور شہید رہنما کے مشن کو یادگار بنانے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔