محسن نقوی کا غیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کا لازمی جز بنانے کا اعلان

محسن نقوی کا غیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کا لازمی جز بنانے کا اعلان

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ میں جدید تربیتی کورسز مکمل کرکے واپس آنے والے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) نے ملاقات کی، جس میں جدید پولیسنگ، ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیشہ ورانہ تربیت کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اے ایس پیز نے چین اور ترکیہ کے جدید پولیسنگ نظام، سرویلنس سسٹمز، جدید آلات اور امن و امان برقرار رکھنے کے طریقہ کار سے متعلق اپنے تجربات اور مشاہدات سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے غیر ملکی تربیتی کورسز کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انتہائی مفید قرار دیا۔محسن نقوی نے اعلان کیا کہ غیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کا مستقل حصہ بنایا جائے گا تاکہ جدید پولیسنگ کے کامیاب ماڈلز سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کے پولیس نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر کے قیام کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جہاں ڈیٹنشن، انویسٹی گیشن اور سمری ٹرائل کی سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ اس منصوبے کا مقصد معمولی نوعیت کے مقدمات کا تیز رفتار اور مؤثر تصفیہ یقینی بنانا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، سرویلنس سسٹمز اور جدید ڈرونز کے ذریعے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ وزارت داخلہ کے ایوی ایشن ونگ کو بھی جدید ڈرونز سے لیس کیا جائے گا تاکہ جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد میں اضافہ ہو۔انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں خصوصی انویسٹی گیشن رومز قائم کیے جائیں گے، اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ٹریننگ متعارف کرائی جائے گی، انٹیروگیشن کو ایک خصوصی مضمون کے طور پر شامل کیا جائے گا اور ترقی یافتہ ممالک کے جدید تفتیشی طریقوں کو تربیت کا حصہ بنایا جائے گا۔محسن نقوی نے یہ بھی اعلان کیا کہ پولیس کی آپریشنل ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی یونیفارم متعارف کرائی جائے گی۔ملاقات میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے کمانڈنٹ، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔