قطر کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی

قطر کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی

دوحہ: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت دفاعی امور سے ملاقات کی اور خطے میں امن و استحکام، دفاعی تعاون اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت کی۔

پاکستان کے مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کے سرکاری دورے کے دوران ہائیئر ملٹری کوآپریشن کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں بھی شرکت کی اور قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل جاسم محمد سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران قطر کی سول اور عسکری قیادت نے پاکستان کی خطے میں ذمے دارانہ کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ان ملاقاتوں میں خطے کی بدلتی سیکیورٹی صورتحال، علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام، اور پاک-قطر تاریخی برادرانہ تعلقات کو اُجاگر کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دفاعی اور سیکیورٹی شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور مشترکہ عزم پر بھی اتفاق کیا۔یہ دورہ پاک-قطر تعلقات میں عسکری اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن قائم رکھنے کے سلسلے میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔