پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ، جنگی صلاحیتوں کا اظہار

پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ، جنگی صلاحیتوں کا اظہار

پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں سطح آب سے فضا تک مار کرنے والے میزائل (FM-90 NER) کے فائر پاور کا شاندار مظاہرہ کیا۔

 یہ لائیو فائرنگ شمالی بحیرہ عرب میں انجام دی گئی، جس میں پاک بحریہ نے اپنی جنگی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا عملی مظاہرہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس مظاہرے کے دوران انتہائی تیزی سے حرکت کرنے والے فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ لائیو میزائل فائرنگ کا یہ مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور حربی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ، ریئر ایڈمرل عبد المنیب نے فائر پاور ڈسپلے کا مشاہدہ کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے فائرنگ میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور لگن کو سراہا۔فلیٹ کمانڈر نے کہا کہ پاک بحریہ ہر صورت ملکی سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔یہ مظاہرہ پاک بحریہ کی جدید ٹیکنالوجی اور جنگی تیاری کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ملک میں دفاعی خودمختاری کے لیے بھی اہم پیغام ہے۔