بحیرہ عرب میں پاک بحریہ نے ایک بار پھر پیشہ ورانہ مہارت اور انسانی ہمدردی کی روشن مثال قائم کرتے ہوئے کامیاب ریسکیو آپریشن انجام دیا، جس کے دوران تجارتی بحری جہاز ایم وی گوتم پر موجود 7 غیر ملکی عملے کو بروقت ہنگامی امداد فراہم کی گئی۔
عملے میں 6 بھارتی شہری اور ایک انڈونیشیائی شہری شامل تھا۔ یہ واقعہ 4 اور 5 مئی کو پیش آیا جب عمان سے بھارت جانے والا یہ جہاز فنی خرابی کے باعث کھلے سمندر میں مشکلات کا شکار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ جہاز ایم وی گوتم نے سمندر میں تکنیکی خرابی کے بعد مدد کی درخواست کی، جس پر میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر ممبئی نے پاکستانی حکام سے فوری رابطہ کیا۔ ہنگامی اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے فوری ردعمل دیتے ہوئے امدادی کارروائی شروع کی اور پی ایم ایس ایس کشمیر کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا۔پی ایم ایس ایس کشمیر نے متاثرہ جہاز تک پہنچ کر وہاں موجود تمام عملے کو خوراک، طبی سہولیات اور تکنیکی معاونت فراہم کی تاکہ ان کی جانوں کو لاحق خطرات کو کم کیا جا سکے اور جہاز کو محفوظ حالت میں لانے کی کوشش کی جا سکے۔
امدادی ٹیم نے انتہائی خراب سمندری حالات میں پیشہ ورانہ انداز سے کارروائی کرتے ہوئے یہ یقینی بنایا کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔یہ کامیاب آپریشن اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ سمندر میں انسانی جانوں کا تحفظ قومیت، سیاست اور سرحدوں سے بالاتر ایک بین الاقوامی ذمہ داری ہے۔ عالمی سطح پر اس اقدام کو مثبت نگاہ سے دیکھا گیا، جبکہ بھارتی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر بھی اس انسانی جذبے کو سراہا گیا کہ کشیدہ تعلقات کے باوجود پاکستان نے ضرورت کی گھڑی میں فوری مدد فراہم کی۔
پاکستان بحریہ کا یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی میری ٹائم قوانین کی پاسداری بلکہ خطے میں امن، تعاون اور انسان دوستی کے پیغام کا بھی عکاس ہے۔ پاک بحریہ نے واضح کیا ہے کہ وہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار، متحرک اور پرعزم ہے۔