امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سعودی قیادت میں قائم کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) اور پاک بحریہ کو بحیرہ عرب میں منشیات کی بڑی کارروائی پر مبارکباد دی ہے۔
یہ کارروائی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک کی قیادت میں کی گئی، جس کے دوران 48 گھنٹوں میں 972 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں۔پی این ایس یرموک نے سعودی قیادت میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی معاونت سے بحیرہ عرب میں دو کشتیوں پر کارروائی کی، جن سے منشیات برآمد ہوئیں۔ یہ کارروائی ہتھیاروں، منشیات اور غیر قانونی سامان کی سمندری اسمگلنگ کو روکنے کے لیے کی گئی ہے۔
اس کامیاب آپریشن پر سعودی رائل نیوی کے کمانڈر فہد الجوید نے اسے عالمی تعاون کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔ کمبائنڈ ٹاسک فورس (CTF-150) کا مقصد سمندری سرحدوں کی نگرانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے، اور یہ کارروائی اس مقصد کے حصول میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔