پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کا بڑا آپریشن کرتے ہوئے 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کرلی، جن کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالرز بتائی گئی ہے۔
پاک بحریہ کے مطابق یہ کارروائی میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے تحت پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے کی۔ آپریشن کے دوران مشکوک ماہی گیر کشتی کی تلاشی لی گئی، جس سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کامیاب کارروائی پر دونوں بحری جہازوں کے عملے کو سراہا۔پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ وہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عالمی میری ٹائم سیکیورٹی میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔