حویلی لکھا :جعلی دودھ کی فیکٹری پکڑی گئی، دو ملزم گرفتار

حویلی لکھا (خصوصی رپورٹ)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے حویلی لکھا کے گا ئوں 2/SP چمبہ میں جعلی دودھ تیار کرنے والی فیکٹری کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا، جبکہ تین ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران فیکٹری سے تقریباً 25 ہزار لٹر ملاوٹی دودھ اور 20 ٹین گھی بر آمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ جعلی دودھ کی تیاری اور سپلائی میں استعمال ہونے والی گاڑی، دودھ کے کین، فلنگ پائپ، پا ئوڈر بیگز، خالی ڈرم، پلنجر اور دیگر سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔حکام نے بتایا کہ تمام کارروائی پولیس کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزموں کی شناخت شاہنواز اور انشال طارق کے نام سے ہوئی جبکہ دیگر ملزموں کی تلاش جاری ہے۔ فیکٹری مالکان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ملاوٹی دودھ کے کاروبار میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔