اروپ میں 12 سال قبل ڈاکوئوں نے عثمان سے موٹر سائیکل چھینی تھی
مرد اور خاتون سیف سٹی کے کیمروں میں محفوظ ،پو لیس سراغ لگانے میں ناکام
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ)واردات میں چھینی گئی موٹر سائیکل تو نہ ملی لیکن ای چالان گھر پہنچ گیا ،تھانہ اروپ کے علاقے سے 2013 میں دورانِ ڈکیتی عثمان الیاس کی موٹر سائیکل ڈاکو چھین کر لے گئے تھے تاہم 12 سال گزرنے کے باوجود موٹر سائیکل تاحال برآمد نہ ہو سکی۔ حالیہ دنوں سیف سٹی کیمروں نے چوری شدہ موٹر سائیکل کو ٹریس کر لیا جس کی تصاویر اور فوٹیج بھی جاری کر دی گئی ہیں۔فوٹو میں دیکھا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر نوجوان اور خاتون سوار نظر آ رہے ہیں ۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ موٹر سائیکل کی لوکیشن اور واضح فوٹیج موجود ہونے کے باوجود پولیس اب تک موٹر سائیکل برآمد کرانے میں ناکام ہے۔متاثرہ شہری عثمان الیاس کا کہنا ہے کہ انہیں موٹر سائیکل تو واپس نہیں ملی تاہم چالان ضرور تھما دیا گیا ہے۔ عثمان الیاس نے مئوقف اختیار کیا کہ وہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے اور چالان ادا کرنے کو بھی تیار ہیں، بس ڈکیتی میں چھینی گئی موٹر سائیکل واپس دلائی جائے۔واقعے نے پولیس کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر د ئیے ہیں۔ متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ اگر سیف سٹی موٹر سائیکل کو ٹریس کر چکا ہے تو پھر برآمدگی کیوں ممکن نہیں ہو رہی۔متاثرہ شہری نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔