لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن سکواڈ نے کرسمس اور نیو ایئر نائٹ کے موقع پر آتش بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مشکوک موٹر سائیکل سوار سے آتش بازی کا سامان برآمد کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے برکی کے علاقے میں سٹاپ اینڈ سرچ کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو مشکوک جانتے ہوئے چیک کیاجس کے قبضے سے آتش بازی کا سامان برآمد ہواملزم آتش بازی کا سامان کارٹن میں چھپا کر لے جا رہا تھا۔ برآمدگی کے بعد ملزم سبطین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے چوکی پھلر وان کے حوالے کر دیا گیا۔ایس پی ڈولفن اختر نواز کے مطابق کرسمس اور نیو ایئر نائٹ پر آتش بازی، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر قانون حرکت میں آئے گا اور کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔