سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز کی رہائشگاہ پر پولیس کا چھاپہ،بھتہ خور گر فتار

قادری ہائو س پر پولیس کے چھاپے کی مذمت، ثروت اعجاز قادری کو بھی گرفتارپھر چھوڑ دیا گیا
گولیوں کے میگزین بھی برآمد ، ثروت اعجاز کو حراست میں نہیں لیا گیا ، ایس ایس پی ڈاکٹر عمران 
 کراچی(آئی این پی ) کراچی میں سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کی رہاشگاہ پر پولیس نے چھاپہ مار کر بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ڈاکٹر عمران کے مطابق بھتے کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا گیا، جواد اور ملا شاہ زیب نامی بھتہ خور کو گرفتار کیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان صمد کاٹھیاواڑی بھتہ خور گروہ کا حصہ ہیں، گرفتار ملزمان پولیس کو کئی کیسوں میں مطلوب تھے۔ایس ایس پی کے مطابق ملزمان بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلایا کرتے تھے، گرفتار ملزمان سے چھوٹے اور بڑے ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔ایس آئی یو پولیس کا کہنا ہے کہ گولیوں کے میگزین بھی برآمد کیے گئے ہیں، ثروت اعجاز کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ریحان نامی بھتہ خور کو گرفتار کیا تھا، ملزم کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی، ریحان ایم اے جناح روڈ پر گاڑیوں کے شوروم پر فائرنگ میں ملوث ہے۔دوسری جانب سنی تحریک نے قادری ہائو س پر پولیس کے چھاپے کی مذمت کی اور دعوی کیا ہے کہ ثروت اعجاز قادری کو بھی گرفتار کیا گیا پھر کچھ فاصلے پر چھوڑ دیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ قادری ہائو س پر پولیس نے چڑھائی کرکے چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے، طاقت کے استعمال سے حق سچ کی آواز دبائی نہیں جاسکتی۔سنی تحریک ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے کارروائی چھپانے کیلئے قادری ہائوس کے کیمروں کو بھی توڑ دیا ہے، کراچی ڈویژن کے عہدیداران اور کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔