ابوبکر کو ریکوری کیلئے باٹا پور لے جایاجارہاتھا، 4 افراد نے فائرنگ کردی، حملہ آورمقابلے کے بعد فرار
لاہور(کرائم رپورٹر)آرگنائزڈکرائم یونٹ پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بھتہ خوری میں ملوث زیر حراست ملزم ابو بکر عرف عبداللہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا،ملزم کے 4حملہ آورساتھی فرار ہوگئے۔بتایاگیاہے کہ پولیس ٹیم ملزم ابوبکر عرف عبداللہ عرف رانا ڈان کو جسمانی ریمانڈ پر ریکوری کیلئے باٹا پور کے علاقے میں لے جارہی تھی کہ 4نامعلوم حملہ آوروں نے اے چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے شوٹر ابوبکر عرف عبداللہ شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ ملزموں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدٓ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔یاد رہے کہ چند ماہ قبل اسی گینگ نے ساندہ کے علاقہ میں کانسٹیبل ارشد کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق رانا ڈان متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور بیرون ملک پناہ لئے ہوئے ایک ڈان کے لئے کام کر رہا تھا۔