بھتہ خور 3 پولیس اہلکاروں سمیت5گرفتار

ملزموں نے کال سنٹر کے عملے سے 3لاکھ روپے اے ٹی ایم سے نکلوائے ، 5لیپ ٹاپ، اڑھائی لاکھ نقد وصول کئے
لاہور(کرائم رپورٹر)سول لائنز میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 5افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جنہوں نے ایف آئی اے کے اہلکار بن کر کال سنٹرز سے بھتہ وصول کرنے کی وارداتوں کا سلسلہ شروع کیا تھاپولیس کے مطابق ملزمان نے سول لائنز میں واقع ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے دفتر سے 5لاکھ روپے بھتہ وصول کیا۔ اس دوران ملزموں نے کال سنٹر کے عملے سے 3لاکھ روپے اے ٹی ایم سے نکلوائے اور 5لیپ ٹاپز کے ساتھ اڑھائی لاکھ روپے نقدی بطور بھتہ وصول کی۔گرفتار ہونے والے اہلکاروں میں شاہدراویل پولیس ٹریننگ سنٹر فاروق آباد، عثمان پیرو ماڈل ٹاؤن میں تعینات پولیس اہلکار شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف بھتہ خوری اور اختیارات سے تجاوز کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔سول لائنز پولیس نے ملزمان سے 5لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی ہے اور انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنی واردات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔